سلمان فاروقی اچانک امریکہ چلے گئے ‘انکل چیک اپ کیلئے گئے، شرمیلا:وہ این آر او سے مستفید نہیں ہوئے، صدارتی ترجمان
اسلام آباد/ کراچی (خبرنگار خصوصی+ وقائع نگار) صدر زرداری کے پرنسپل سیکرٹری سلمان فاروقی اچانک خاموشی سے امریکہ چلے گئے۔ ایوان صدر کے ذرائع نے بتایا سلمان فاروقی اپنے ذاتی کام کے سلسلے میں گئے ہیں اور اکتوبر کے آخری ہفتے میں پاکستان آجائیں گے۔ ان کا نام این آر او سے فائدہ حاصل کرنے والوں کی لسٹ میں شامل تھا ۔ ذرائع کے مطابق وہ کسی ممکنہ کارروائی کے خوف سے بیرون ملک گئے ہیں۔ کراچی سے وقائع نگار کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی مشیر اور پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ میرے انکل سلمان فاروقی معمول کے طبی معائنے کی خاطر امریکہ گئے ہیں۔اے پی پی کے مطابق صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا سلمان فاروقی این آر او کے مستفید نہیں انہیں نہ تو کوئی سزا ہوئی اور نہ ہی انہوں نے این آر او سے کوئی فائدہ اٹھایا۔ وہ امریکہ میں میڈیکل چیک اپ کے بعد ایوان صدر میںمعمول کے اپنے فرائض دوبارہ سنبھال لیں گے۔