ملکی تعلیمی ترقی میں خواتین کا کردار ناقابل فراموش ہے، ملک ابرار
راولپنڈی (جنرل رپورٹر) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں 80فیصد خواتین شعبہ تدریس سے وابستہ ہیں جوکہ ملکی شرح خواندگی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ملکی سماجی ومعاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اور کہا ہے کہ کورونا سے متاثرہ نجی تعلیمی اداروں کوریلیف دینے کا حکومتی وعدہ تاحال پورا نہیں ہوا ہے جس سے نجی شعبہ تاحال مسائل کا شکار ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایسوسی ایشن کے مرکزی دفتر میں منعقدہ ایریا ایجوکیشن انچارج فی میل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ملک ابرار حسین کا کہنا تھا کہ ملکی تعلیمی ترقی میں خواتین کا کردار ناقابل فراموش ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اعلان کردہ ریلیف پیکیج پر فی الفور عمل درامد یقینی بنائے تاکہ یہ شعبہ دوبارہ اپنے پاوں پر کھڑا ہو سکے۔