صوبہ سرائیکستان کیلئے یکم مارچ سے لانگ مارچ کا آغاز ہوگا، آصف خان
ملتان(سپیشل رپورٹر) وسیب نیشنل تحریک کے مرکزی چیئرمین آصف خان کی کینڈا سے واپسی لاہور سے بذریعہ موٹر وے آبائی شہر ملتان آمد پرسینکڑوں کارکنوں نے قذافی چوک پر استقبال کیا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے لاہور موٹر وے خانیوال روڈ سے کبیروالہ، قادر پور راں، کھاد فیکٹری، قذافی چوک، رشید آباد، چونگی نمبر 9، کلمہ چوک، نواں شہر سے پریس کلب تک جگہ جگہ کارکنوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے آبائی وطن پہنچنے پر آصف خان نے گاڑی سے اتر کر وسیب کی مٹی کو بوسہ دیا پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وسیب نیشنل تحریک کے مرکزی چیئرمین آصف خان نے کہا کہ تخت لاہور آج بھی ملتان اور بہاولپور کو آپس میں لڑانے میں مصروف ہے لیکن سرائیکی خطہ کے سرائیکی، پنجابی، مہاجر اور دیگر زبانیں بولنے والے متحد ہیں وہ ان کی سازش کو ناکام بنادیں گے اگر سرائیکی خطہ کی عوام تخت لاہور سے جان چھڑانے کے لئے اب بھی باہر نکلی نہ تو آئندہ 100سال تک بھی وہ الگ صوبہ نہیں دیں گے آصف خان نے اعلان کیا کہ الگ صوبہ سرائیکستان کے قیام کے لئے یکم نومبر سے ملتان سے لانگ مارچ کا آغاز کیا جائے گا جو کوٹ ادو، رحیم یار خان، ڈیرہ اسماعیل خان، سرگودھا سمیت دیگر اضلاع سے ہوتا ہوا واپس ملتان پہنچے گا بعدازاں وسیب نیشنل تحریک کے کارکنوں کے جلوس کی صورت میں پارٹی چیئرمین کو رشید آباد کے علاقہ میں قائم وسیب نیشنل تحریک کے دفتر میں لایا گیا۔