عالمی امن کیلئے پاک فوج کی لازوال قربانیاں
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اقوام متحدہ کی سالگرہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں عالمی امن کیلئے ہمارے غیرمتزلزل عزم کی عکاس ہیں۔ اقوام متحدہ کی 76ویں سالگرہ پر آرمی چیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فوج امن کیلئے خدمات میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ملکی دفاع ہو یا اندرون ملک دہشت گردی ، ہر چیلنج سے نبردآزما ہونے کیلئے پاک فوج کی صلاحیتیں اور اسکی لازوال قربانیاں اپنی مثال آپ ہیں۔ اپنی دفاعی صلاحیتوں سے وہ دشمن پر اپنی دھاک بٹھائے رکھتی ہے۔خطہ کے امن کیلئے پاک فوج کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے جبکہ عالمی امن کے فروغ کیلئے بھی پاک فوج کی قربانیاں سب کے سامنے ہیں جن کا دنیا برملا اعتراف کرتی بھی نظر آتی ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج اقوام متحدہ مشنز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور لوہا منوا رہی ہیں۔ پاکستانی فوجیوں کی اقوام متحدہ کے ساتھ خدمات انجام دینے کی ایک طویل تاریخ ہے۔ امن مشن میں اپنی خدمات کے دوران اب تک پاکستان کے 161 جوان شہید ہو چکے ہیں جن میں 24 افسران بھی شامل ہیں جنہوں نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے اقوام متحدہ کے امن مشن میں قربانیوں کی مثال قائم کی ۔ دنیا کے کسی بھی آفت زدہ حصہ میں امدادی کارروائیوں میں پاک فوج کے جوانوں کا نمایاں کردار ہوتا ہے۔ آزمائش کی ہر گھڑی میں پاک فوج امن کیلئے پیش پیش نظر آتی ہے۔ خطہ میں ابھرتے ہوئے خطرات اور چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور ہمارے دشمنوں کے مذموم ارادوں اور سازشوںکے تناظر میں پاک فوج جنگی مشقوں کی صورت میں دشمن کو اپنی ٹھوس پیغام پہنچاتی رہتی ہے۔ عالمی امن کے علاوہ علاقائی سالمیت اور ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے عساکر پاکستان کی تیاریاں اطمینان بخش ہیں۔ بے شک عساکر پاکستان کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں‘ پوری قوم ان پر فخر کرتی ہے۔