آزادی مارچ کے حوالے سے حکومتی مذاکراتی ٹیم اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے۔ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے چیئرمین پرویز خٹک نے رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم درانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں گزشتہ رات سے جاری ڈیڈلاک کا خاتمہ ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ فریقین آزادی مارچ کیلئے تیسرےمقام پر متفق ہوگئے ہیں اور پشاور موڑ پر جلسہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد وزیردفاع پرویز خٹک آج رات اہم پریس کانفرنس کریں گے جس میں رہبر کمیٹی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان پیش رفت سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کے دو ادوار ہوئے جو کہ بے نتیجہ ثابت ہوئے تھے۔ گزشتہ روز اپوزیشن اور حکومت کے درمیان آزادی مارچ کے مقام پر ڈیڈ لاک تھا، اپوزیشن نے ڈی چوک، جناح ایونیوچوک اور چائنا چوک کے آپشن دیے تھے لیکن حکومت پریڈ گراؤنڈ کے علاوہ کسی اورمقام پر راضی نہیں ہوئی تھی۔حکومت کی 7 رکنی کمیٹی میں وزیردفاع پرویز خٹک، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی، وفاقی وزراء شفقت محمود، نورالحق قادری اور اسد عمر شامل ہیں۔اپوزیشن کی 9 جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل رہبر کمیٹی نے حکومت سے مذاکرات کیے تھے۔