نیول چیف کا کراچی میں میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی‘ بحری تنصیبات کا دورہ
کراچی (این این آئی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور کراچی میں بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا۔ نیول چیف نے میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے)کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا نیول چیف نے یادگار شہداء پر فاتحہ خوانی کی اور پھول رکھے جس کے بعد نیول چیف کو پی ایم ایس اے کے کردار اور ذمہ داریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ترجمان کا کہنا تھا ایڈمرل ظفر محمود نے نئے تعمیر کردہ ٹریننگ سنٹر کا بھی دورہ کیا اور پاک بحریہ کے فلیٹ کی آپریشنل کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر نیول چیف نے میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔