سمندری طوفان ’’نیلوفر‘‘ کا 29,28 اکتوبر کو کراچی کے ساحل سے ٹکرانے کا خطرہ
دبئی (این این آئی) بحیرہ عرب سے اٹھنے والا طاقتور سمندری طوفان ’نیلوفر‘ کا چند روز میں پاکستان، بھارت اور عمان سے ٹکرانے کا خطرہ ہے۔ نیلوفر کے دوران 175 سے 210 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بھارت میں یہ طوفان گجرات سے ٹکرائے گا جبکہ پاکستانی ساحلوں تک پہنچتے پہنچے طوفان کا زور ٹوٹ جائے گا۔ طوفان کے باعث کراچی سمیت سندھ کے دیگر ساحلی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ کراچی میں 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ ٹھٹھہ اور بدین میں بھی بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستانی حدود میں ماہی گیروں کو خطرات لاحق نہیں۔ قبل ازیں بحیرہ عرب سے اٹھنے والے سمندری طوفان کا پاکستان کی طرف سے تجویز کردہ نام ’’نیلوفر‘‘ رکھا گیا ہے۔مزید برآں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کراچی میں 28 اور 29 اکتوبر کو سمندری طوفان کا خطرہ ہے، حکام نے ماہی گیروں کو فوری طور پر سمندر سے نکلنے کی ہدایت کردی۔