لانگ مارچ‘ میچ ‘ ٹریفک کا متبادل پلان تشکیل دیا جائے:قائم مقام آئی جی
لاہور(نامہ نگار) قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کنور شاہ رخ نے صوبہ میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پولیس کو ہائی الرٹ ہوکر فرائض ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ قائم مقام آئی جی پنجاب کنور شاہ رخ نے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیں مزید تندہی و فرض شناسی کیساتھ اپنے فرائض ادا کریں اورجرائم کی روک تھام کے حوالے سے جاری کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے۔ راولپنڈی میں پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے پر امن انعقاد کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں اورکھلاڑیوں اور میچ آفیشلز سمیت تمام غیر ملکی مہمانوں کی سکیورٹی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ہوٹل، سٹیڈیم کے گردونواح اور ملحقہ علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ راولپنڈی میں لانگ مارچ اور کرکٹ میچ کے پیش نظر ٹریفک مینجمنٹ کا موثرمتبادل پلان تشکیل دیا جائے اور کسی شاہراہ کو غیر ضروری طور پر بند نہ کیا جائے، پولیس اورٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔ سٹریٹ کرائم اور سنگین جرائم میں ملوث پیشہ ور مجرمان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے اور سماج دشمنوں عناصر کو پابند سلاسل کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ صوبہ بھر میں پتنگ بازی کے واقعات کی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن کیا جائے اور دھاتی ڈور و پتنگیں تیار کرنے، خریدو فروخت اور استعمال کرنے والے قانون شکنوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور شیخوپورہ ریجنز پتنگ بازی کیخلاف خصوصی اقدامات کریں اور چھپ کر پتنگ بازی کرنیوالے قانون شکنوں کو پابند سلاسل کیا جائے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات کی ٹیموں کیساتھ انسداد سموگ کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے اور شاہرات پر زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث فیکٹریوں، بھٹہ مالکان کے خلاف آپریشن میں دیگر اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔