غیر قانونی اڈوں، ویگن سٹینڈز کی اجازت نہیں :سی ٹی او
لاہور(نامہ نگار)سی ٹی او لاہورڈاکٹر اسد ملہی سے آل پاکستان بس اونرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی ۔ملاقات میںصدر آل پاکستان بس اونرز ایسوسی ایشن ملک ندیم حسین سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ملاقات میں ٹریفک مسائل اور ان ممکنہ حل کو زیر بحث لایا گیااور ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی ۔کمیٹی میں ڈی ایس پی ٹریفک اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران شامل ہیں۔ڈاکٹر اسد ملہی نے کہا کہ کمیٹیاں باہمی مشاورت سے ٹریفک مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل بنائیں گے۔باہمی مشاورت سے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو گا۔ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین سے آگاہی کیلئے خصوصی ریفریشر کورسز بھی کروانے کا فیصلہ کیاگیاہے ۔ شہر میںغیر قانونی اڈوں، ویگن سٹینڈز کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ٹریفک بہاؤ میں خلل بننے والی رکاوٹوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگااور غیر قانونی اقدام کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائیگی۔اوورلوڈنگ، اووچارجنگ کی شکایت پر فوری کارروائی ہوگی جبکہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور غیر قانونی سٹاپ بنانے والوں کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔شہر میں روڈ سائیڈ پر پارکنگ، ناجائز اڈے قائم کرنے کی ہرگز اجازت نہیں۔