شیخ الاسلام حضرت شاہ رکن عالمؒ کے 708 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات شایان شان منانے کیلئے ڈی سی ملتان کی زیر صدارت اجلاس‘ انتظامات کا جائزہ
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) شیخ الاسلام حضرت شاہ رکن عالم رحمتہ اللہ علیہ کے 708 ویں عرس مبارک کی 3 روزہ تقریبات 10 دسمبر (بمطابق طلوع چاند) سے شروع ہونگی۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے عرس کے موقع پر مثالی اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی صدارت میں گزشتہ روز ضلعی محکموں کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ملک بھر سے آنیوالے زائرین کی بھرپور مہمان نوازی کی جائے گی۔ جامع سکیورٹی و ٹریفک پلان تشکیل دیکر انتظامات مکمل کئے جائیں گے۔ عامر کریم خاں نے کہا کہ عرس پر خصوصی ٹرینیں اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ چلائی جائیں گی اور تمام محکمے عرس کے موقع پر دربار شریف میں کیمپ قائم کرینگے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی صفائی کے مثالی انتظامات یقینی بنائے۔ اجلاس میں زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف محمد طارق نے عرس انتظامات پر بریفنگ دی جبکہ ڈاکٹر صدیق خاں قادری نے عرس تقریبات کے انتظامات اور زائرین کی سہولیات کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
عرس