قتل دکیتیوں کیخلاف احتجاجی واک ملزمان پکڑنے کیلئے 3دن کا الٹی میٹم
بورے والا(نامہ نگار)چیئرمین میونسپل کمیٹی بورے والا چوہدری محمد عاشق آرائیں نے کہا ہے کہ بورے والا میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے آئے روز قتل،ڈکیتی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ہمارے کئی گھروں کے چراغ گل ہوچکے ہیں شہر کو ان غنڈوں سے پاک کرنا ہوگا انتظامیہ نے اگر تین دن تک قاتلوں کا سراغ نہ لگایا گیا تو پورے شہر کی تنظیموں کو میونسپل کمیٹی میں بلاکر مشترکہ احتجاجی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا یہ شہر ہمارا ہے اس کا امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ہم سب منتخب نمائندوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا دوران ڈکیتی قتل ہونے والا ہمارا بھائی اور بیٹا تھا ہم اسکا قتل رائیگاں نہیں جانے دینگے اور خاموش نہیں رہیں گے سوموار یا منگل کو باقاعدہ ایک احتجاجی اجلاس منعقد ہوگا جس میں لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس کی صدارت وائس چیئرمین حاجی افتخار احمد بھٹی نے کی اس موقع پر چیف آفیسر چوہدری محمد اکرم واہلہ،ایم پی فہیم انور مجید،ایم او آئی عزیر ارشد،ایم او آر وقاص احمد گجر،سینئرسپرنٹنڈنٹ ماجد یوسف نے بھی شرکت کی اجلاس سے خطاب میں میاں خالد حسین،رانا مظہر مختار، سردارظہور ڈوگر،سردار راشد عظیم،جاوید اقبال بھٹی اور دیگر نے بھی چیئرمین کی حمایت کی۔اجلاس کے بعد تمام اراکین میونسپل کمیٹی نے چیئرمین کی زیر قیادت بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف علامتی احتجاجی واک کی جبکہ اجلاس کے دوران آئندہ سال کے لئے ورلڈ بنک ماڈل سٹی منصوبے اور دیگر ترقیاتی سکیموں پر ارکان کو بریفنگ دی گئی ارکان نے مختلف ترقیاتی کاموں اور مسائل کے حل کے لئے اپنی قراردادیں بھی پیش کیں۔
بورے والا