بلدیہ اجلاس مچھلی منڈی بن گیا چئیرمین غیر حاضر بجٹ پیش نہ ہوسکا
خانیوال (نمائندہ خصوصی) بلدیہ کا بجٹ اجلاس ہنگامہ خیزی، بدنظمی اور شوروغوغا کے باعث مچھلی منڈی کا نقشہ پیش کرنے لگا‘ جس کے بعد غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ہو گیا۔ چیئرمین مسعود مجید ڈاہا اجلاس میں نہیں آئے جبکہ سی او کو بجٹ پیش کرنے سے روک دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز بلدیہ خانیوال کا بجٹ اجلاس کنوینر رانا عبدالرحمان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جیسے ہی تلاوت اور نعت کے بعد گزشتہ کارروائی کی توثیق کے لئے سیکرٹری نے کہا تو ممبر شیخ فتح علی اپنی سیٹ سے کھڑے ہوئے اور کہا کہ گزشتہ اجلاس ہوا ہی نہیں کارروائی کی منظوری کیسے‘ یہ غیر قانونی ہے ہم اسے نامنظور کرتے ہیں۔ اسکے بعد سیکرٹری نے بجٹ برائے سال 2021...2022 پیش کرنے کے لئے سی او افتخار بنگش کو بلایا تو اس پر شیخ فتح علی نے اعتراض کیا کہ قانون کے مطابق صرف چیئرمین بجٹ پیش کر سکتے ہیں اور کوئی نہیں کرسکتا۔ اس پر متعدد ارکان اور کھڑے ہو گئے۔ نعرے بازی شروع ہو گئی۔ اجلاس مچھلی منڈی کا نقشہ پیش کرنے لگا۔کنوینر سے منٹ بک بارے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ انکے پاس منٹ بک ھی نہیں ہے۔ شیخ محمد علی نے بتایا کہ تمام ریکارڈ جعلی تیار ہو رہا ہے۔ ایک غیر حاضر ممبر کی حاضری لگی ہوئی ہے۔کافی دیر ہنگامہ برپا رہا۔ ارکان میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔ اسی شوروغوغا میں کنوینرنے اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
بلدیہ بجٹ