اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان برقرار
کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مسلسل چوتھے روزبھی کاروبار حصص مندی کی زد میں رہااورکے ایس ای100انڈیکس مزید427پوائنٹس گھٹ گیا اس طرح دوروز کے دوران انڈیکس 927پوائنٹس تک گھٹ گیا۔آئی ایم ایف کی جانب سے اسٹیٹ بینک سے مستقل طور پر قرض لینے کی حکومت کی تجویز کو مسترد کرنے اوربڑھتی ہوئی غیر یقینی اور پیٹرولیم سیکٹر کی جانب سے ہونے والی ہڑتال نے مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب کئے ہوئے ہیں جبکہ شرح سود میں اضافے کے اثرات سے بھی سرمایہ کار ابھی تک باہر نہیں نکل پائے ہیں اور نئی سرمایہ کاری سے گریز کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ بعد ازاں سرمایہ کاروں نے منافع کے حصول کی خاطر شیئرز کی فروخت کے سبب مارکیٹ مندی کا شکار ہوگئی اورکاروباری مندی کا سلسلہ مارکیٹ کے اختتام تک جاری رہا۔ جمعرات کو ہونے والی کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو53ارب روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ جمعرات کو کاروبارکی ابتداء مثبت انداز سے ہونے کے باوجود مارکیٹ زیادہ تر وقت مندی کی لپیٹ میں رہی ۔ کے ایس ای100انڈیکس میں427.95پوائنٹس کی کمی سے 43935.75پوائنٹس ہو گیا۔کاروبارمیںمندی کے باعث مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 53 ارب 44 کروڑ 88 لاکھ 22 ہزار 309 روپے گھٹ کر75کھرب 74 ارب5کروڑ52لاکھ93ہزار735روپے رہ گیا ۔ اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو19 کروڑ51 لاکھ74ہزار 200حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو 31کروڑ3لاکھ88ہزار271 حصص کا کاروبار ہوا تھا۔ شیئرزمارکیٹ میں مجموعی طور پر328کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے121کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ185میں کمی اور22کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔