اینگرو فائونڈیشن کی وزارتِ موسمیاتی تبدیلی اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کیساتھ اشتراک
کراچی(کامرس رپورٹر) اینگرو کارپوریشن کی سماجی کمپنی اینگرو فائونڈیشن نے گروپ کے پائیداری ایجنڈے کے تحت جنگلات کی بحالی اور کاربن آفسیٹ پروگرام کے نفاذ کیلئے وزاتِ موسمیاتی تبدیلی اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ساتھ مفاہمت کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ اس معاہدے کے شراکت دار حکومتی اسٹیک ہولڈرز اور متعلقہ صوبائی محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر اینگرو کے گرین ہائوس گیسوں کے اخراج کے منصوبے پر مل کرکام کریں گے۔ جنگلات کی بحالی اور کاربن آفسیٹ پروگرام کو 10سال میں لاگو کیا جائے گا جس پر تقریباً 600ملین روپے لاگت آئے گی ۔اور اس کا ہدف پاکستان میں جنگلات کے 50ہزار ایکڑ رقبے پر پودے لگانا اور ان کی حفاظت کرنا ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف بین الاقوامی ماہر کے طورپر اس منصوبے کیلئے تکنیکی مہارت فراہم کرے گا۔ اس موقع پر اینگرو کارپوریشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسراور اینگرو فائونڈیشن کے ٹرسٹی غیاث خان نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان کا پانچواں نمبر ہے اور ہمیں گلوبل وارمنگ کے منفی اثرات سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔ پائیداری ایجنڈے کو ترجیح دینے کیلئے حکومت کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں اور اینگرو ،گرین ہائوس کے اخراج کو کم کرنے اور جنگلات کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ جیسا کہ ہم اینگرو پائیداری کی منتقلی کو فروغ دیتے ہیں اور ہم نیٹ زیرو اخراج کے عزم کو فروغ دینے اور تمام کاروباری شعبوں میں قابلِ تجدید توانائی کو فروغ دینے کیلئے جارحانہ انداز میں کام کررہے ہیں۔ اس موقع پر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حماد نقی خان نے اس ماڈل پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کیلئے اینگرو کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے اور یہ موسمیاتی تبدیلیوں خشک سالی، سیلاب اور گرمی کی شدّت میں حصہ ڈال رہی ہے۔پاکستان میں جنگلات کی کٹائی ایشیا میں بلند تریں شرح میں سے ایک ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ کارپوریٹ ادارے پائیدار مستقبل کیلئے پر عزم کوششیں کررہے ہیں۔