ضیاء الدین یونیورسٹی نے پاکستان میں ورچوئل ریئلٹی ڈینٹل سیمولیٹر متعارف کرادی
کراچی (نیوزرپورٹر) ضیاء الدین یونیورسٹی کے شعبہ دندان سازی نے پاکستان میں پہلی مرتبہ ورچوئل ریئلٹی (وی آر) ڈینٹل سیمولیٹر متعارف کرادی ہے جسے دنیا بھر میں ورٹ ایزی ڈینٹل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ ایک جدید ٹیکنالوجی کا طاقتور ٹول ہے جسے یونیورسٹی کے کالج آف ڈینٹسٹری میں تنصیب کیا گیا ہے۔ ضیاء الدین یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین نے وی آر ڈینٹل سیمولیٹر کا افتتاح کیا جس سے نہ صرف دندان سازی کی تعلیم کے معیار میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان میں ضیاء الدین یونیورسٹی کو ٹیکنالوجی لیڈر بنانے میں مددگار بھی ثابت ہوگا۔ اس موقع پر انتظامیہ ، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء الدین یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان میںپہلی مرتبہ وی آر ڈینٹل سیمولیٹر کو متعارف کرانے کا سہرا ضیاء الدین یونیورسٹی کو جاتا ہے جس کی مدد سے جدید طرز تعلیم حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔