نادرا دفاتر عوام کیلئے زحمت کا باعث بنے ہوئے ہیں‘ قاری عثمان
کراچی (نیوزرپورٹر) کراچی میں نادرا دفاتر سہولت فراہم کرنے کے بجائے لوگوں کیلئے زحمت کا باعث بن گئے ہیں۔ شہر کے تمام میگا سینٹرز یا دیگر سینٹرز میں تمام کاؤنٹر فعال ہونے کے بجائے24گھنٹوںمیں صرف 6 سے 8 کاؤنٹر پر کام ہوتا ہے۔ اپنی شناخت کے اظہار کے نام پر مخلوق خدا کی توہین بند کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء قاری محمد عثمان کی قیادت میں وفد نے ڈی جی نادرا کرنل انیس خان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی نادرا نے تمام مسائل اور مطالبات غور سے سننے کے بعد وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جو مسائل، شکایات آپ کے ہیں میں ان سے 95 فیصد نہ صرف اتفاق کرتا ہوں بلکہ میں نے بذات خود سروے کے دوران انہی شکایات کا مشاہدہ کیا ہے۔ آپ جیسے حقیقت پسند شہریوں کے تعاون سے ان شاء اللہ بہت جلد ان شکایات کا ازالہ اور مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔