انسانی ہمدردی ‘ خدمتِ خلق کو اسلام میں مرکزی حیثیت حاصل ، مولانا حنیف جالندھری
کراچی( نیوز رپورٹر) خدمتِ خلق اسلام کا آفاقی پیغام ہے جو رنگ و نسل سے بالاتر ہے اور دین کے بنیادی ترین اجزاء میں شامل ہے۔ اللّہ کے احکامات اور قران کی تعلیمات میں انسانیت کی خدمت پر خصوصی زور دیا گیا ہے جبکہ سنتِ رسول [ص] میں بھی ہمیں اسکی اہمیت مقدم ملتی ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ کے ناظمِ اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری نے 'اسلام اور انسانی خدمات:امکانات اور مسائل' کے عنوان سے ہونے والی دو روزہ قومی کانفرنس میں کیا، جس کا انعقاد انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس اور انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز نے مشترکہ طور پر ایک نجی ہوٹل میں کیا تھا۔ اس کانفرنس میں ملک بھر سے جامعات، مدارس اور سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے محققین نے شرکت کی اور اپنے مقالے پیش کیے جبکہ اس میں کئی ملکی اور بین الاقوامی سماجی تنظیموں کے سربراہان اور نمائندے بھی شریک تھے۔ کانفرنس کے اختتامی روز الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور، کنور وسیم، صوبائی سیکرٹری ہلالِ احمر پاکستان ، پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد، وائس چانسلر، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، اسلام آباد، اور مولانا مفتی عبدالرحیم، جامعہ رشیدیہ کراچی، نے علیحدہٰ علیحدہٰ نشستوں کی صدارت کی۔ اس موقع پر کراچی سے ڈاکٹر شہزاد چنّا اور راحیلہ خان ایڈووکیٹ، اسلام آباد سے ڈاکٹر عمر سلیم، ڈاکٹر ملیحہ زیبا خان اور حافظ اسامہ حمید اور لاہور سے اقصیٰ تصغیر نے اپنے مقالے پیش کیے، جبکہ مقالے پیش کرنے کے بعد ہونے والی گفتگو میں عمیر حسن، ہیڈ آف اسلامک ریلیف یوکے، محمد عبدالشکور، الخدمت فاونڈیشن، ڈاکٹر محمد فیاض عالم، دعا فاؤنڈیشن، ڈاکٹر شاہدہ نعمانی، شعور ویلفیئر ٹرسٹ، ڈاکٹر سید عزیز الرحمان، اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن عمیر صدیقی، دارالعلوم کراچی سے مولانا ڈاکٹر زبیر اشرف عثمانی، اور پاکستان اسلامِک میڈیکل ایسو سی ایشن کے سابق صدر پروفیسر ڈاکٹر سہیل اختر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔