متاثرین کو آپریٹو مارکیٹ کی امیر جماعت غرباء اہلحدیث سے ملاقات
کراچی(نیوز رپورٹر ) امیر جماعت غرباء اہلحدیث پاکستان و رئیس جامعہ ستاریہ الا سلامیہ کراچی مولانا حافظ عبدالرحمن سلفی نے جماعت کی کاروباری شخصیات اور صدر کوآپریٹو مارکیٹ کے شاپس کیپرز کو ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ملٹی پرپز مارکیٹ کو کاروباری لحاظ سے بڑا اہم مقام حاصل ہے انہوں نے کہا کہ اس میں جو دکاندران اپنی زندگی کی جمع پونجی لگا کر ملکی اور غیر ملکی خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے وہ آج مارکیٹ کے سامنے احتجاجی کیمپ لگا کر سراپا احتجاج ہیں۔ مولانا سلفی نے کہا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل، تحریک انصاف کے وزراء سمیت کراچی اور سندھ بھر کے سیاسی، سماجی اور خصوصاً کاروباری حضرات نے مارکیٹ کے دور اندیش اور سنجیدہ افراد سے ملاقات کر کے انہیں اپنی مدد کا بھر پور یقین دلایا ہے لیکن گورنر سندھ کا یہ بیان بھی کافی حد تک مناسب ہے کہ چیمبر آف کامرس کے عہدیدران بھی صدر کوآپریٹو مارکیٹ میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں اور اس کا ازالہ کریں ۔ مولانا سلفی نے انکے دفتر میں بیٹھے ہوئے کاروباری حضرات سے بڑے واشگاف الفاظ میں کہا کہ آتش زدگی کا واقعہ کراچی کی مارکیٹ میں ہوا ہے۔ اس کے لیبارٹری (Analysis)اور آگ لگنے کی اصل وجوہات کو جاننے کیلئے مختلف اداروں اور ماہرین سے رابطہ کرنا مارکیٹ کے عہدیدراوں اور دوکانداروں کا حق ہے لیکن انہوں نے کہا میری جماعت کے علماء کرام، مشائخ، کاروباری حضرات اور لاکھوں دینی طلباء کی حکومت سندھ ، گورنر سندھ ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، وفاقی وزراء اور صوبائی وزراء سے اپیل اور مطالبہ ہے کہ صدر کوآپریٹو مارکیٹ کے گرائونڈ فلور اور فرسٹ فلور کے شاپس کیپرز کی دکانوں کو ازسر نو تعمیر ہونے کا فی الفور بندوبست کیا جائے اور جنکی دکانیں چشم زدن میں مٹی کا ڈھیر بن گئی تھیں انہیں گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ اپنے حکومتی اور صوابدیدی اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے تمام شاپس کیپرز کو بلا سود جانچ پڑتال کے بعد اتنی رقم مہیا کی جائے تاکہ وہ اپنے پائوں پر کھڑے ہو کر دوبارہ اس کاروباری گلستان میں سابقہ روایات کو بر قرار رکھتے ہوئے اپنے اہل و عیال کیلئے روزی کمانے کے متحمل ہو سکیں۔