ملک کے استحکام و ترقی کیلئے عدل وانصاف کافروغ ضروری ہے،ڈاکٹرغضنفر
راولپنڈی( جنرل رپورٹر)تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری علامہ ڈاکٹرغضنفرعبا س ملک القمی نے کہاہے کہ عدل وانصاف کے قیام سے ظلم و بربریت ،دہشت گردی کا قلع قمع کیا جا سکتا ہے ، اسلام کی اصل و اساس نہ صرف عدل و انصاف کو قرار دیا گیا ہے بلکہ پوری کائنات کا نظم و نسق اسی پر استوار ہے، آج پوری دنیا کو گوں نا گوں مسائل ،مصائب وآلام کا جو سامنا ہے اس کی بڑی وجہ فرائض سے رو گردانی ہے جس سے جبر و استبداد اور افراط و تفریط کی فراوانی ہے،
پاکستان اسلام کے نام پروجودمیں آیاتھا لہذااس کی بقاء استحکام اورترقی کیلئے عدل وانصاف کافروغ اورفراہمی اشدضروری ہے، ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعرات کوٹی این ایف جے راولپنڈی کے صدرعلی ابوذرچوہان کی سرکردگی میں عہدیداران اوراراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر راولپنڈی کے صدرعلی ابوذرچوہان نے جوائنٹ سیکرٹری علامہ ڈاکٹرغضنفرعبا س ملک کو تنظیمی پیشرفت کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔انہوں نے ٹی این ایف جے کے عہدیداران اور کارکنان پر زوردیا کہ وہ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے فرمان کے مطابق اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے عمل کو مزید منظم و مستحکم بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں ،انہوں نے کہا کہ اگر ہم کامیابی و سرفرازی چاہتے ہیں تو ہمیں حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتنا چاہیئے۔