پروفیسر ساجد میر کی جدہ میں ’روس اور اسلامی دنیا‘ کانفرنس میں شرکت
لاہور ،جدہ (خصوصی نامہ نگار)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر ایک ہفتے کے دورے پر جدہ میں ’روس اور اسلامی دنیا‘ کانفرنس میں شریک ہیں۔ کانفرنس میں27 اسلامی ممالک سے وفودشامل ہیں،پاکستا ن سے وزیر مذہبی امور نورالحق قادری بھی شریک ہیں، سٹرٹیجک وڑن گروپ کے تحت روس اور اسلامی دنیا کانفرنس سے خطاب کے دوران خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی نیابت کرتے ہوئے گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے ان کا خطاب پڑھ کر سنایا جس میں شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب اسلامی ممالک اور روسی تعلقات کی اہمیت کا قائل ہے،ہم متعدد شعبوں میں روس سے تعاون آگے بڑھ رہے ہیں۔پروفیسر ساجد میر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم ممالک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سعودی عرب کا کردار مثالی ہے، عالمی وباؤں اور دہشت گردی ایسے مسائل کا متحد ہو کر ہی مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔کانفرنس میں روسی حکام کے علاوہ اسلامی ممالک کے علما، مفکرین اور موثر شخصیات وسیع پیمانے پر شریک ہیں۔