یونیورسٹی آف ایجوکیشن اور این ٹی یوفیصل آباد کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
لاہور (سٹاف رپورٹر ) یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور اور نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کی رو سے دونوں ادارے تعلیم و تحقیق کے میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دینگے۔ یادداشت کے مطابق دونوں جامعات باہمی دلچسپی کے امور پر مل جل کر کام کریں گی، اس مقصد کے حصول کے لئے اساتذہ کے باہمی تعلیمی دورے، تربیتی نشستوں اور کانفرنسوں سمیت مختلف منصوبے اشتراک و تعاون کے ساتھ شروع کئے جائینگے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے اس امید کا اظہار کیا کہ مفاہمت کی اس یاداشت کے دونوں اداروں پر دورس اور مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن جبکہ ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین نے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کی جانب سے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔