خواتین پر تشدد، ہراسمنٹ پر زیروٹالرینس پالیسی ہے:آئی جی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب راؤ سردارعلی خان نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین پر تشدد، ہراسمنٹ، زیادتی کے واقعات پر زیروٹالرینس کی پالیسی ہے اور ایسے جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت کہ صنفی جرائم کی روک تھام اور متاثرہ خواتین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اپنی ذاتی نگرانی میں ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں۔خواتین کی سہولت اور تحفظ کیلئے سیف سٹی اتھارٹیز کے تعاون سے’’ویمن سیفٹی ایپ‘‘لانچ کی گئی ہے۔ جسے اب تک 1لاکھ 25ہزار سے زائد خواتین ڈاؤن لوڈ کر چکی ہیں۔ ویمن سیفٹی ایپ میں سائبر کرائم، ریسکیو، نیشنل ہائی وے، موٹر وے سمیت دیگر ہیلپ لائن نمبر بھی دیے گئے ہیں اور اس ایپ کے ذریعے خواتین کسی بھی مشکل صورتحال میں پنجاب پولیس سے باآسانی مدد حاصل کرسکتی ہیں۔خواتین کے تحفظ کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں اینٹی ویمن ہراسمنٹ سیل بھی کام کر رہے ہیں جس میں خواتین کی سہولت کیلئے لیڈی پولیس اہلکار وکٹم سپورٹ آفیسر کے طور پر تعینات ہیں جو مشکلات کی شکار خواتین کو ہر ممکن مدد اور راہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ اینٹی ویمن ہراسمنٹ سیل کے ذریعے گذشتہ ماہ میں 2672مقدمات درج کرتے ہوئے 2141ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔