مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حالات بہت خراب ہیں، حکومت مزید نہیں چل سکتی ،شہبازشریف اور حمزہ نواز شریف سے وفاداری کی وجہ سے قید کاٹ رہے ہیں۔ جاتی امراء میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس طرح ملک کے حالات ہوچکے ہیں اس میں حکومت کا جانا بنتا ہے، میرا تجزیہ ہے حالات بہت خراب ہیں، حکومت مزید نہیں چل سکتی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ گیس کا بحران آنے والا ہے، بجلی کے بل ایک ایک لاکھ آرہے ہیں، اب تو لوگ عمران کو اس قابل نہیں سمجھتے کہ انہیں بلیم کریں . ایک سوال کے جواب میں مریم نوازنے کہاکہ عمران خان کہتے ہیں کہ میرے بہنوئی کے دوست کے پلاٹ پر قبضہ ہے۔ کوئی وزیراعظم کو بتانے والا نہیں کہ ایسی باتیں ٹی وی پر نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کو بھی نوازشریف سے وفاداری کی سزادی جارہی ہے۔صحافی کے سوال پر کہ جس طرف حالات جا رہے ہیں ہم کسی خوفناک حادثے کا شکار ہوسکتے ہیں؟ مریم نواز نے کہا کہ میرا بھی یہی خوف ہے۔ لوگوں کو حوصلہ کرنا پڑے گا، لوگ اٹھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئے روز پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرلز تبدیل ہورہے۔مریم نواز نے کہا کہ دادی کی وفات سے دو تین روز قبل ویڈیولنک پربات ہوئی تھی۔ دادی کی یاد داشت کمزور ہوچکی تھی۔ آخری بار جب دادی سے بات ہوئی تو وہ پوچھ رہی تھیں کہ کیا تم جیل سے باہرآگئی ہو۔ میری دادی سمجھ رہی تھیں کہ میں ابھی تک جیل میں ہوں۔مریم نواز نے کہا کہ میری دادی کو نوازشریف اور شہبازشریف سے بہت محبت تھی۔ میرے والد دادی کے بغیر کھانا نہیں کھاتے تھے۔ میری دادی کو بھی میرے والد سے بہت محبت تھی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کے منع کرنے کے باوجود وہ نوازشریف کے لیے لندن گئیں۔ دادی کی وفات شریف خاندان کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔ حکومت نے دادی کی وفات کے بارے میں نہیں بتایا۔مریم نواز نے کہا کہ میرا بیٹا جنید صفدر مجھے لاہور سے اطلاع دینے کے لیے پشاور کی طرف روانہ ہوا۔ پشاور جلسے میں کسی بھی طرح کا ٹیلی فونک رابطہ نہیں ہو رہا تھا۔ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے نوازشریف کو واپس آنے سے منع کیا ہے۔دریں اثناء ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں مریم نواز کاکہنا تھا کہ میں اپنے والد نواز شریف کی ہدایت پر ملتان جلسے میں شرکت کروں گی۔ والد صاحب نے کہا ہے کہ ذاتی رنج وغم بھول کر جلسے میں شرکت کریں۔لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ دکھ اورغم اپنی جگہ پر اس وقت قومی جدوجہد کر رہے ہیں۔ یہ جدوجہد ہماری ذاتی نہیں بلکہ قومی ہے، اسے نتیجہ خیز بنانا ہے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38