سوڈان کے سابق وزیراعظم صادق المہدی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے

سوڈان کے سابق وزیراعظم صادق المہدی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق وزیراعظم صادق المہدی 3 ہفتے قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے جس کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا اوربعد ازاں انہیں علاج کے لیے متحدہ عرب امارات منتقل کیا گیا جہاں وہ جمعرات کو انتقال کر گئے، ان کی عمر 84 برس تھی۔ اس حوالے سے ان کی سیاسی جماعت نیشنل امہ پارٹی نے جاری تعزیتی بیان میں کہا کہ ہم صادق المہدی کے انتقال پر سوڈانی عوام سے تعزیت کا ظہار کرتے ہیں۔ صادق المہدی پہلی بار 1966 اور پھر 1986 میں سوڈان کے وزیراعظم کے منصب پر فائز رہے جنہیں طویل مدت یعنی 1989 تا 2019 تک صدر کے عہدے پر فائز رہنے والے سابق صدر عمر البشیر نے 1989 میں وزیراعظم کے منصب سے ہٹا دیاجس کے بعد سے وزیراعظم کا عہدہ ختم کر دیا گیا۔ سابق صدر عمرالبشیر کو گزشتہ سال دسمبر میں کرپشن کے الزام پر 2 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔