چیف جسٹس قاسم خان سے وکلاء رہنماؤں کی ملاقاتیں‘ مسائل سے آگاہ کیا
ملتان (کرائم رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان سے ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن ملتان کے صدر عمران رشید سلہری،جنرل سیکرٹری غلام نبی طاہر،عرفان میتلا،طاہر علی قریشی نے ملاقات کی اس موقع پر سینیئر جج لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ جسٹس سرفراز ڈوگر بھی موجود تھے وفد نے وکلاء کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں چیف جسٹس کو آگاہ کیا اور کچہری وسعت کے سلسلہ میں چیف جسٹس کی خدمات اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور انہیں کچہری وسعت منصوبہ کے افتتاح کے لئے دعوت دی۔ دریں اثناء چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان سے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر چوہدری طاہر محموداورجنرل سیکرٹری سجاد حیدر سپراکی قیادت میں وفد نے ملاقات کی وفد میں نائب صدرطاہر علی قریشی،فنانس سیکرٹری چوہدری احسان گل،سید اطہر شاہ بخاری،دلدار برولہ،میاں اکرم،نزیر سعید و دیگر موجود تھے اس موقع پر ہائیکورٹ بار کے صدر چوہدری طاہر محمود اور سجاد حیدر سپرا نے ہائیکورٹ بار پارکنگ اور دیگر مسائل کے حل کے لئے ان اقدامات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور بار آنے کی دعوت دی۔ جبکہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان کا ڈسٹرکٹ بار میں وکلاء سے خطاب کا شیڈول بھی گزشتہ روز منسوخ کردیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق شیڈول کی منسوخی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر میں کی گئی تھی۔ دریں اثناء چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان گزشتہ سے پیوستہ رات ملتان میں قیام کے بعد کل صبح ہائیکورٹ ملتان بنچ پہنچے تھے۔ ہائیکورٹ افسران کی جانب سے چیف جسٹس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔چیف جسٹس محمد قاسم خان نے کورٹ نمبر ون میں تین مختلف مقدمات نمٹانے اور ایک پر فریقین کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان آج بھی ملتان میں مصروف دن گزاریں گے۔چیف جسٹس کا ہائیکورٹ ملتان بنچ آمد پر رجسٹرار مشتاق احمد اوجلہ، سینئر ایڈیشنل رجسٹرار محمد یار ولانہ، ایڈیشنل رجسٹرار محمد جاوید اقبال ملک، ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل محمد شاہد حسین، ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل محمد نسیم شاہد، پروٹوکول آفیسر جاوید سعید نے پرتپاک استقبال کیا تھا اور گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔