پنجاب کی 8خواتین یونیورسٹیوں میں بلوچستان کی طالبات کیلئے 360 سیٹیں مختص کردیں : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں بلوچستان کے وزیر خزانہ ظہور احمد بلیدی اور وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اتمن خیل کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مثالی اقدامات پر سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خزانہ بلوچستان ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا پاکستان کے استحکام اور ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کا جذبہ قابل تحسین ہے اور انہوں نے پنجاب اور بلوچستان کو قریب لانے میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ عثمان بزدار نے بلوچستان کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ وزیر صنعت بلوچستان حاجی محمد خان طور اتمن خیل نے کہا کہ صوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات قابل تحسین ہیں اور عثمان بزدار نے حقیقی معنوں میں بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے۔ عثمان بزدار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ساتھ بلوچستان کی ترقی بھی عزیز ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب کی سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں بلوچستان کے طلباء کا کوٹہ مخصوص ہے۔ پنجاب کی 8 ویمن یونیورسٹیوں میں بلوچستان کی طالبات کیلئے کوٹے میں اضافہ کر دیا ہے۔ ویمن یونیورسٹیوں میں بلوچستان کی طالبات کیلئے 360 سیٹیں مختص کر دی ہیں۔ ویمن یونیورسٹیوں کے ہر ڈگری پروگرام میں بلوچستان کی طالبات کیلئے 2 نشستیں مختص ہوں گی۔ حکومت پنجاب گوادر میں پنجاب ہاؤس اور تفتان میں زائرین کیلئے سنٹر بنارہی ہے۔ خاران میں ٹیکنیکل کالج، موسیٰ خیل میں بینک آف پنجاب کی برانچ، ریسکیو 1122سنٹر، کالج کیلئے ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔ تربت میں ہسپتال بھی بنا رہے ہیں۔ بلوچستان سے آنے والے لوگ ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔ ہمیشہ بلوچستان جا کر محبت دیکھی۔ عثمان بزدار نے اچھی کارکردگی، فرض شناسی اور سائلین کی داد رسی پر تھانہ سیالکوٹ ایئر پورٹ کے عملے کو شاباش دی ہے۔ ڈی پی او سیالکوٹ حسن اسد علوی نے ایس ایچ او، فرنٹ ڈیسک کے عملے اور دیگر اہلکاروں کو نقد انعام دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صحافی صداقت علی شاہ کی والدہ، پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل (ر) فصیح بخاری کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔