دورہ نیوزی لینڈ:پاکستانی اسکواڈ میں شامل 6ممبران کا کورونا ٹیسٹ مثبت

کرائسٹ چرچ:دورہ نیوزی لینڈ کےلیے کرائسٹ چرچ میں موجود پاکستانی اسکواڈ میں شامل 6ممبران کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
کرکٹ نیوزی لینڈ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں موجود ہے اور کرکٹ اسکواڈ کے کرائسٹ چرچ پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے اور پاکستانی اسکواڈ میں شامل 6ممبران کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے،مثبت آنے والوں 6 میں سے 2 ارکان پہلے بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں،تمام 6 ارکان کو قرنطینہ کے لیے بھیج دیا گیا ہے،قرنطینہ میں ارکان میجنڈ آئسولیشن میں رہیں گے،پاکستان اسکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے دن ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔
کرکٹ نیوزی لینڈ نے مزید کہا کہ پاکستان اسکواڈ میں شامل افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنا افسوسناک ہے، پاکستانی اسکواڈ کو کچھ وقت کےلیے ٹریننگ اور پریکٹس سے روک دیا گیا ہے جبکہ پاکستانی اسکواڈ کے دیگر ارکان سے بھی بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔
خیال رہے کہ لاہور سے روانگی کے وقت قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستانی اسکواڈ 2روز قبل نیوزی لینڈ پہنچا جہاں گذشتہ روز ان کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔54 رکنی اسکواڈ میں پاکستان ٹیم اور پاکستان شاہینز کے 34کھلاڑی اور 20 آفیشلز شامل ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹی ٹونٹی میچ 18 دسمبر کو آکلینڈ اور دوسرا 20 دسمبرکو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کا تیسرا میچ 22 دسمبر کو نیپیئر میں ہو گا۔ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ ماؤنگنائی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔
بابراعظم ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان اور ٹی20 میں شاداب خان ہوں گے۔ دورے کے دوران پاکستان شاہینز کی ٹیم 2 چار روزہ اور 4 ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی۔ پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان پہلا 4 روزہ میچ 10 دسمبر سے شروع ہو گا جبکہ دوسرا 4 روزہ میچ 17 سے 20 دسمبر تک واھنگری میں کھیلا جائے گا۔