خواتین کو تحفظ دینے کے قوانین پر عملدرآمد کرایا جائے: ویمن ونگ ایوان صنعت و تجارت
ملتان( لیڈی رپورٹر )ایوان تجارت و صنعت ملتان کی سابق سنیئر نائب صدر اور انچارج ویمن ونگ مسز رومانہ تنویر شیخ نے کہا ہے کہ عورت اور مرد کی باہمی عزت کے بغیر معاشرتی ترقی و بہتری ممکن نہیں عورت اپنے شوہر اور والد کی سپورٹ کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی۔ ہم صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خواتین کو تحفظ دینے کے مروجہ قوانین پر عمل درآمدکرایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان تجارت و صنعت ملتان میں خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن کے موقع پرویمن ونگ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں کیا ۔اس موقع پررکن مجلس عاملہ رابعہ شہزاد،زہرہ عقیل،منیبہ المانی بلوچ ایڈووکیٹ،فاطمہ شمائلہ، رابعہ تفضل،شازیہ ہاشمی اور سیکرٹری ایوان محمد شفیق نے بھی اظہار خیال کیا۔ مسز رومانہ تنویر شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان چیمبرکا ویمن ونگ گھریلو خواتین پر تشدد ملازمت پیشہ خواتین کو ہراساں کرنے اور بچوں پر جنسی تشدد کے خلاف باقاعدہ کام کرے گا اوراس سلسلہ میں ہر متعلقہ سطح پر آگہمی مہم کا آغازکریں گے اور حکام تک آواز پہنچانے کے ساتھ ساتھ ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ مسز رابعہ شہزادنے کہا کہ خواتین کی آگہی مہم کے ساتھ ساتھ والدین کو بھی تربیت اولاد کے حوالہ سے آگہی کی ضرورت ہے ۔ منیبہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ سنٹر فار پروٹیکشن آف ویمن اگینسٹ وائلنس میں 90ہزار درخواستیں التوا میں پڑی ہیں۔ زہرہ عقیل نے کہا کہ عور ت مرد مساوی حقوق رکھتے ہیں ۔ شازیہ ہازشمی نے کہا کہ حقوق کی بازیابی ضروری ہے ۔ فاطمہ شمائلہ نے کہا کہ ٹاسک فورس بنا کر قوانین اور تشدد کے حوالہ سے کام کیا جا سکتا ہے جس سے خواتین کو حقوق اور تحفظ میسر ہو ۔