اسلام آباد: پاکستان میں چین کے نائب سفیر نے کہا ہے کہ دہشت گرد ان ہتھکنڈوں سے پاک چین دوستی کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، دونوں ممالک کی دوستی سلامت رہے گی۔
اسلام آباد میں فنڈ جمع کرنے کی ایک تقریب میں وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب چینی سفیر نے کہا کہ ہم کراچی قونصل خانے میں شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان کا چین کے ساتھ دفاعی اور معاشی رشتہ بھی ہے جو دنیا کو کھٹکتا ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کی جگہ کوئی اور ملک دہشت گردی کا مقابلہ کرتا تو ختم ہو جاتا ہم نے ثابت کیا ہے کہ مستقل مزاج قوم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی قونصلیٹ پر حملے میں بیرونی طاقتیں ملوث ہیں۔ پاکستان کافی عرصے سے دہش گردی کا شکار ہے۔ لیکن ہم نے ثابت کیا ہے کہ مشکلات کا سامنا کرنا جانتے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا جہ پاکستان کی افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن کیلئے قربانیاں دیں ہیں اور زخم لگنے سے ہماری طاقت مزید بڑھے گی۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان صوفیا اور بزرگوں کی دھرتی اور بدھا کی زمین اور پانچ ہزارسال پرانی تاریخ کا امین ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی کمیونٹی نے جس طرح شہید پولیس اہلکاروں کا درد محسوس کیا یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ممالک کا رشتہ بہت مضبوط ہے۔