دبئی: دبئی ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کیویز کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 24 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سے قبل دبئی میں بارش کے باعث پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیل مقررہ وقت پر شروع نہیں کیا جا سکتا تھا۔
میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دن گیارہ بجے کیا جانا تھا۔
اس سے پہلے کھیل کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی اننگز 418 رنز پر ڈیکلیئر کردی تھی۔
کھیل کے دوسرے روز گرین کیپس نے چار وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز سے پہلی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ابتدائی وکٹیں گنوانے کے بعد حارث سہیل اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا تو کیوی بالرز کی ایک نہ چلی۔
دوسرے روز حارث سہیل نے اپنی شاندار سنچری مکمل کی۔ وہ 147 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کا نشانہ بنے، دوسری جانب موجود بابر اعظم نے بھی کیوی بالرز کو دن بھر مصروف رکھا، بابر اعظم 127 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
418 کے مجموعی اسکور پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں کیویز کی ٹیم میدان میں آئی تو دوسرے دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 24 رنز بنائے۔