پنجاب حکومت کی ترجیح زیر تعمیر سڑکوں کو بروقت مکمل کرنا ہے:بلال افضل

لاہور ( نامہ نگار)نگران وزیر مواصلات و ایکسائز بلال افضل نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی پہلی ترجیح بڑے شہروں کو ملانے والی سڑکوں کو مکمل کرنا ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔ وہ گذشتہ روز ضلع قصور میں زیر تعمیر سڑکوں کا جائزہ لے رہے تھے۔ سیکریٹری مواصلات پنجاب سہیل اشر ف بھی انکے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر نے زیر تعمیر قصور کوٹ رادھا کشن روڈ، کھڈیاں خاص اور کھڈیاں تا چونیاں سڑک کی تعمیر کا معائنہ کیا۔ایکسیئن ہائی وے سمیت دیگر افسران نے موقع پر انہیں بریفنگ دی۔ بعد ازاں وزیر مواصلات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں 2400 کلومیٹر اہم سڑکوں کی تعمیر جاری ہے۔ان کا کہنا تھاکہ قصور میں چار بڑی سڑکوں پر کام ہو رہا ہے۔جن میں 24 کلومیٹر طویل قصور تا کوٹ رادھا کشن روڈ پر 1ارب 71 کروڑ روپے، 25 کلومیٹر طویل قصور تا رائیونڈ روڈ پر 1ارب 80 کروڑ روپے، 20 کلو میٹر لمبی گجو متہ تا قصور روڈ پر 2 ارب 80 کروڑ اور 20 کلومیٹر قصور تا دیپالپور دو رویہ سڑک کی تعمیر پر 6 ارب 62کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب کی 1500 ترقیاتی سکیمیں ہیں جن میں سے صرف 135 سکیموں کے لیے فنڈز ملے ہیں۔ بلال افضل نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تمام سڑکیں بروقت مکمل ہوں تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ترقیاتی سکیموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ یہی وجہ ہے کہ میں تعمیراتی منصوبوں کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر کے دورے کر رہا ہوں۔