پاکستان 84کھرب سے زیادہ کا مقروض ہو چکا ہے: میاں عبدالغفار
لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن نے سیاسی ،آئینی اور معاشی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سر جوڑ کر نہ بیٹھا گیا اور مسائل کے حل کیلئے پیشرفت نہ کی گئی تو حالات مزید ابتر ہونے جائیں گے،پاکستان 84کھرب سے زیادہ کا مقروض ہو چکا ہے ، مہنگائی کی شرح 45 فیصد پر ہے،پالیسی ریٹ بلند ترین سطح پر ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر دن بدن نیچے آ رہے ہیںایسے اعدادوشمار سے عوام میں تذبذب اور بے چینی بڑھ رہی ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ملک میں کوئی میکنزم نہیں ، پیٹرولیم کی قیمتیں بعد میں بڑھتی ہیں مہنگائی پہلے ہو جاتی ہے لیکن اب پیٹرولیم کی قیمتیں کم ہوئی ہیں لیکن اس کے عوام کے لئے کوئی مثبت اثرات سامنے نہیں آئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت مسلسل تباہی و زوال کی طرف بڑھ رہی ہے ،24کروڑ آباد والے ملک کیلئے 5فیصد کے ہدف کے مقابلے میں معاشی نمو کی شرح منفی 2سے چارفیصد رہنے نے کے اعدادوشمار انتہائی تشویش کا باعث ہیں۔حکومت بے یقینی کی فضاءکو دور کرنے کے لئے اقدامات کرے۔ سیاسی استحکام کے لئے مذاکرات کا آغاز کیا جائے کیونکہ اس کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت زراعت کے شعبے پر توجہ مرکوز کرے جس سے ہماری انڈسٹری بھی گروتھ حاصل کرے گی۔