افتخار علی کی محنت نے علاقائی تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے:کاشف یونس
لاہور(کامرس رپورٹر )وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کی حیثیت سے اپنی دو سالہ مدت کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ مہر کاشف یونس نے یہ بات جمعرات کو یہاں افتخار علی ملک کے اعزاز میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف کے طور پر منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ افتخار علی ملک کی لگن، قیادت اور محنت نے سارک خطے میں اقتصادی تعاون اور علاقائی تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی مدبرانہ قیادت میں سارک چیمبر نے اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے کاروباری مواقع کو بڑھانے اور رکن ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افتخار علی ملک کے واضح ویژن اور انتھک کوششوں نے تنظیم اور اس کے اراکین پر دیرپا اثرات چھوڑے ہیں اور خطے میں اتحاد اور مشترکہ خوشحالی کے احساس کو فروغ دیا ہے۔ مہر کاشف یونس نے کہا کہ تاجر برادری کی جانب سے وہ اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ سارک چیمبر میں ان کی نمایاں خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی بزنس کمیونٹی ان کی مہارت اور ویژن سے مستفید ہوتی رہے گی اور علاقائی اقتصادی انضمام کو فروغ ملے گا۔