چیف سیکرٹری پنجاب کی میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر حاضری‘ شہداءکوخراج عقیدت پیش

لاہور( نیوز رپورٹر)یوم تکریم شہداءپاکستان کے موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر)کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ چیف سیکرٹری نے شہید کیلئے فاتحہ خوانی اور ملکی سلامتی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے شہدا ئ اور انکے خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہداءکو ہمیشہ عزت و تکریم کیساتھ یاد رکھتی ہیں، آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ شہداءاور انکے خاندانوں کو شایان شان عزت و تکریم دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نشان حیدر حاصل کرنے والے شہید کے مزار پر حاضری انکے لئے ایک اعزاز ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ آج پوری قوم شہدا ءاور انکے خاندانوں کوانکی عظیم قربانیوں کے اعتراف میں خراج عقیدت پیش کررہی ہے،وطن کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں نے جرات و بہادری کی تاریخ رقم کی۔انہوں نے کہا کہ ارض پاک کی حفاظت اور امن کیلئے پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ راستے سے بھٹکے ہوئے لوگوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، ہمار ی عزت اور مقام سب اس ملک کیوجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم شہدا کے قیمتی خون کے مقروض ہیں اور قوم کو شہدا کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔ ڈپٹی کمشنرلاہور رافعہ حیدر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔