وردی کا رنگ کچھ بھی ہو تمام شہدا ء‘ غازیوں کو سلام:آئی جی
لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس کے زیراہتمام یوم تکریم شہداءپاکستان کے موقع پرسنٹرل پولیس آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں شہداءپولیس کی فیملیزاور ورثاءکو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ آئی جی پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداءکی فیملیز کی بہترین ویلفیئر کیلئے حکومتی تعاون اور دستیاب وسائل کے موثر استعمال سے بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔2017سے قبل کے شہداءکو گھروں کی فراہمی کےلئے ایک مربوط نظام تشکیل دیا جارہا ہے جس کے تحت گھروں کی تعمیر، فراہمی اور دیگر اقدامات کئے جائیں گے۔شہداءکے بچوں کو اعلی تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم کیلئے سکالرشپس دئیے جارہے ہیں جبکہ ان کی ملازمتوں کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رہیں گے۔پنجاب پولیس کے تمام شہداءکے ورثاءکوگولڈ میڈل دئیے جارہے ہیں، شہداءکی لازوال قربانیوں کے اعزاز میں سنٹر ل پولیس آفس میں شہداءوال بنائی گئی ہے۔ پنجاب پولیس کے تمام شہداءکے نام سنہری الفاظ میں درج کئے گئے ہیں۔ ہم اپنے شہداءکی فیملیز کو نہیں بھولے اور نہ ہی کبھی فراموش کریں گے بلکہ ان کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات میں مزید بہتری لائی جائےگی۔پنجاب پولیس جرائم کنٹرول، دہشت گردی کے قلع قمع، امن و امان کی بحالی سمیت شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں فرنٹ لائن پر اپنے فرائض ادا کررہی ہے اور اس عظیم فرض کی بجاآوری میں مستقبل میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائےگا۔ دریں اثناءیوم تکریم شہداءپر آئی جی پنجاب نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے تمام شہداءکویوم تکریم شہداءپر سلام پیش کرتا ہوں۔وردی کا رنگ کچھ بھی ہو، سمندر میں سفید،ہوا میں نیلا، بارڈر پر خاکی، پولیس سمیت تمام شہدا اور غازیوں کو آج ہمارا سلام ہے۔پاکستان کے قیام، بقا اور سا لمیت میں لاکھوں شہدا اور غازیوں کا قیمتی لہو شامل ہے،پاکستان کی اندرونی و بیرونی سرحدوں کی حفاظت کے دوران فورسز اور پولیس جوانوں نے بے شمار قربانیاں دیں جنہیں پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔