قومی اسمبلی نے آج الیکشن ترمیمی بل 2022 کی منظور ی دی جس کا مقصد عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال سے پہلے ضمنی انتخابات میں اسے تجرباتی طور پر استعمال کرنا ہے۔ اس موقع پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے یہ تاثر مسترد کردیا کہ اس ترمیم کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے حق رائے دہی کی ادائیگی سے محروم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت ان کا ووٹ کا حق چھیننے پر یقین نہیں رکھتی۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد نے کہا ہے کہ اسمبلی کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے اور انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ حزب اختلاف ایوان کے امور چلانے میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرے گی۔ اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے راجہ ریاض احمد کو قائدحزب اختلاف بننے پر مبارکباد دی۔انہوں نے ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے کیلئے قائد حزب اختلاف کو اپنی حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی بنچوں کے ارکان ماضی کی روایات کو دفن کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کی تقریر پر مکمل توجہ مرکوز رکھیں گے۔ ایک توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے داخلہ کے وزیر مملکت عبدالرحمن کانجو نے ایوان کو یقین دلایا کہ اسلام آباد کے سیکٹرایف سکس اور جی سکس میں سرکاری رہائشوں کی مرمت و دیکھ بھال کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔