قوم کو انتخابات نہیں انقلاب کی ضرورت ہے ‘ پاکستان عوامی تحریک
ملتان (سپیشل رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے 33 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی میڈیا کوارڈنیٹر اورممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی راؤ محمد عارف رضوی نے کہاکہ قوم کو ہیجانی کیفیت سے نجات کیلئے انتخاب کی نہیں بلکہ ہمہ گیر انقلاب کی ضرورت ہے،دھاندلی پر مشتمل انتخابی نظام عوام کا سب سے بڑا دشمن ہے،یہی نظام انتخاب اعلیٰ تعلیم یافتہ،باصلاحت اورباکردار قیادت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،یہ نظام کبھی بھی قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتا۔ تقریب میں سینئر رہنما سجاد نقشبندی،ڈاکٹر مقبول صابری،حافظ قاسم چشتی،ندیم انصاری،محمد عثمان سجاد،عمر انصاری،حامد علی عابد،حسان قادری،حماد سجاد،محمد عمران،راؤ حماد مصطفیٰ و دیگر نے شرکت کی۔راؤ محمد عارف رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں ملکی تاریخ کے سب سے بڑے لانگ مارچ اور دھرنوں نے عوام کا آئینی شعور بیدار کیا۔ وہ دن دور نہیں جب موجودہ نظام کی تبدیلی کا نعرہ اس قوم کے بچے بچے کی زبان پر ہوگا ۔تقریب میں یومِ تاسیس کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔دریں اثناء جنوبی پنجاب کے تمام شہروں اورملک بھر میں یومِ تاسیس کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا اورکیک کاٹے گئے۔اس موقع پر قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی آئینی و سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اورانقلابی جدوجہد میں جان و مال کی لاوزال قربانیاں دینے والے کارکنان کو سلام پیش کیا گیا۔