مجید نظامی کاروان صحافت کے سالار‘ عظیم مجاہد اور حق گوئی کے پیکر تھے‘ عبدالحفیظ لون جاپان والا
ٹوکیو ( نیوز ڈیسک) نوائے وقت ایک ادارہ نہیں بلکہ تحریک کا نام ہے نظریہ پاکستان اور نوائے وقت لازم وملزوم کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔ بلاشبہ یہ کہا جاسکتا ہے کہ نوائے وقت قومی استحکام اتحاد ویکجہتی کی علامت ہے، نوائے وقت نے ہر دور میں نظریہ پاکستان کے تحفظ اور اسلامی اقداروروایات کے فروغ کے لیے کام کیا۔ ادارے کے بانی حمید نظامی مرحوم نے اپنی زندگی قیام پاکستان کی جدوجہد اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے وقف کئے رکھی۔ ان خیالات کا اظہار ٹوکیو میں نوجوانوں کی عالمی سماجی تنظیم پاکستان ویلفیئر کونسل راولپنڈی ٹوکیو کا ایک خصوصی اجلاس کونسل کے بانی ومرکزی صدر بین الاقوامی سماجی کارکن روٹری انٹرنیشنل کے ایوارڈ یافتہ جاپان اور تھائی لینڈ کی سماجی شخصیت عبدالحفیظ لون ( جاپان والا) نے نوائے وقت 79 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان ہاؤس ٹوکیو میں خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جس میں کونسل کے عہدیداران ‘ ممبران اور مجلس عاملہ کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجید نظامی مرحوم کی تحریریں آمروں کیخلاف اعلان بغاوت کے مترادف تھیں۔ وہ جمہوری اقدار کے عظیم مبلغ اور عملبردار تھے۔ مارشل لاء سے انہیں شدید نفرت تھی۔ مجید نظامی نے دنیائے صحافت میں شجر سایہ دار کی حیثیت رکھتے ہوئے دانشوروں اور صحافیوں کی ایسی کھیپ تیار کی جو نظریہ پاکستان کا تحفظ کرتی رہے گی۔ نظریہ پاکستان‘ آزادی کشمیر‘ محصورین بنگلہ دیش کی اخلاقی مدد ودفاع اور تعاون کیلئے مجید نظامی اور نوائے وقت نے عظیم کردار ادا کیا۔ بین الاقوامی سماجی کارکن‘ عبدالحفیظ لون جاپان والا نے کہا کہ مجید نظامی مرحوم کاروان صحافت کے سالار اعلیٰ اور تحریک پاکستان کے عظیم مجاہد تھے۔ وہ حق گوئی‘ دلیری اور جرات کے پیکر تھے۔ مرحوم راہ صحافت کا ایک روشن مینار تھے۔