گراں فروشی اورمنافع خوروں کے خلاف ایکشن لیا جائے ،ایاز میمن موتی والا
کراچی (کامرس رپورٹر)کراچی تاجرالائنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین و سماجی رہنما ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ہمیں عوام کی خدمت کا درس دیتا ہے، انسانیت کی خدمت ایک سچے مسلمان پر فرض ہے، حقوق العباد کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی رعایت نہیں ہے، کراچی میں فلاحی تنظیمیں عوامی خدمت میں دن رات کوشاں ہیں ، مہنگائی کے اس دور میں بھی شہر قائد میں ذاتی حیثیت سے کام کرنے والے ادارے عوام کو مفت کھانا کھلا رہے ہیں جو کہ ایک عظیم عمل ہے زندگی کا اصل مقصد انسانوں کی خدمت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے جے ڈی سی امام دستر خوان آمد کے موقع پر کیا، اس موقع پران کے ہمراہ پاکستان میمن فیڈریشن کے صدر حنیف موٹلانی،عبدالمجید ابدانی ،ایاز بندوکڑااور دیگر بھی موجود تھے، ایاز میمن موتی والا کا کہنا تھا کہ حالیہ مہنگائی نے عوا م کی قوت خرید کو ختم کردیا ہے، فلاحی تنظیموں کے ساتھ پہلے بھی تعاون تھا اب بھی کرتا رہوں گا، جے ڈی سی دستر خوان میں رات گئے دن کا سماں دیکھ کر دل خوش ہوگیاہے،۔جبکہ انہوںنے جے ڈی سی کے رہنما ظفر عباس اور ان کے کارکنان کو انسانیت کی بہترین خدمت پر مبارکبادبھی دی، انہوں نے کہا کہ فلاحی تنظیموں کی مدد کے لیئے مخیر حضرات آگے آئیں اور بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ، جو لوگ عوام کی خدمت کرتے ہیں وہ پاکستان کااثاثہ ہیں ، رمضان شریف میں گراں فروشی اور زائد منافع خوری نے بھی روزے دارو ں کو شدید پریشانی سے دوچار کررکھاہے جس کی وجہ سے لوگ ایسے ہی فلاحی اداروں کی جانب سے سحری و افطاری کے لیے لگائے جانے والے دسترخوانوں پر تشریف لارہے ہیں جہاں معیاری اوراعلیٰ قسم ء کھانوں سے روزے داروں کی تواضع کی جارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ مذہبی تہواروں پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اچانک سے اضافہ ہو جاتا ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے، ہمیں اپنے اعمالوں کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے تا کہ اللہ رب العزت کی خوشنودی حاصل کر سکیں اور یہی ہماری کامیابی ہے، رمضان المبار ک اللہ اور اس کے رسو ل کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور اس کے لیئے ہمیں مخلوق خدا کی خدمت کرنی ہوگی کیونکہ یہی وہ عمل ہے جس سے رب راضی ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں منافع خوروں کے خلاف حکومت کو اقدامات کرنے چاہیے تا کہ غریب انسان اشیائے ضروریہ بآسانی خرید سکے کیونکہ منافع خورو ں کے خلاف کاروائی اور عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ذمہ داری ہے،انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنی حیثیت کے مطابق انسانی خدمت کاکام کرتا رہتاہوں ، اپنی ساری زندگی مخلوق خدا کی خدمت کرنے میں صرف کردی، اپنے شہر کے لوگوں کے مسائل کے لیئے ہر پلیٹ فارم تک ان کی آواز بنا اور مستقبل میں بھی لوگوں کی مدد کرتارہوں گا کیونکہ یہی اصل زندگی ہے اور ہمار ا مقصد بھی۔