پولیس فرشتہ کے ظالم قاتل کوگرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے گی،آئی جی اسلام آباد
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں ایک ہنگامی میٹنگ کی صدارت کی جس میں ڈی آئی جی سکیورٹی ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ،ڈی آئی جی آپریشنز ،تمام ایس ایس پی،اے آئی جی آپریشنز، ایس پی سپیشل برانچ ،تمام ایس پی،ایس ڈی پی اوز اور تمام تھانوںکے ایس ایچ اوز نے شرکت کی آئی جی اسلام آباد نے پولیس فورس پر انتہائی ناراضگی اور برہمی کا اظہار کیا اورننھی فرشتہ کے اندوہناک قتل پر ایس ایچ او شہزاد ٹائون کے رویہ پر بھی سخت مایوسی کا اظہار کیا ،کہ بار بار واضح احکامات کے باوجودایس ایچ او شہزاد ٹائون کی جانب سے بروقت مقدمہ درج نہ کر نا پوری فورس کے لئے بدنامی کا باعث بنا،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پچھلے چھ ماہ کی مثالی اور بہترین کارکردگی جس میں کرائم میں 35.6فیصد کمی ہوئی اور منشیات و قبضہ مافیا کے خلاف گراں قدر کامیابی بھی حاصل ہو ئی ، صرف ایک ایس ایچ او کی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے اسلام آباد پولیس کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ،آئی جی اسلام آباد نے اس پہلو پر بھی زور دیا کہ پچھلے چھ ماہ میں عورتوں ،بچوں اور Transgendersکے حقوق کے حوالے سے ناصرف متعدد سیمینارزمنعقد کئے گئے بلکہ پولیس فورس کے لئے پولیس لائن ہیڈ کوارٹڑز میں آگاہی و تربیتی پروگرامزبھی چلائے گئے،آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ننھی فرشتہ کے مقدمہ کوچیلنج سمجھتے ہوئے اسلام آباد پولیس اس کیس کو یکسو کرے گی ۔ننھی فرشتہ کے ظالم قاتل کوگرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے گی اور عوام الناس کی نظر میں سرخرو ہو گی انشاء اللہ۔ڈی آئی جی سکیورٹی کو ہدایت کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ سکیورٹی ڈویژن اپنے فرائض منصبی کو احسن طریقے سے سرانجام دیں ،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز کو ہدایت کی کہ پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دیں ،ڈی آئی جی آپریشنز کو بالخصوص تنبیہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تھانہ کے محرر اور ایس ایچ اوز سے بار بار میٹنگز کریں ۔رمضان کے آخری عشرہ میں بلوچستان میں گزشتہ روز ہونے والی دہشتگردی کے تناظر میں مارکیٹس مساجد اور دیگر عبادتگاہوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دیں ،اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔