یتیم بچوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،چینی قونصلر
راولپنڈی (جنرل رپورٹر) یتیم بچوں کو بہتر عملی زندگی میں داخل کرنے کیلئے سہولیات کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ وہ معاشرے کے مفید اور اچھے شہری بن سکیں ،یتیم بچوں کی محرومی دور کرنے کیلئے ہمیں ان کو پیار ،اہمیت اور وہ سب کچھ دینا چائییے جس کو پا کر وہ محرومی کے احساس سے باہر اور معاشرے کے کار آمد شہری بن سکیں ۔ان خیالات کا اظہار چینی سفارت خانے کے قونصلر لی یون لنگ نے پاکستانی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم چینی طلبہ کی تنظیم ’’چائنیز مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن ‘‘کے زیر اہتمام انجمن فیض الاسلام کے اپنا گھر کے یتیم بچوں کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر چینی سفارت خانے کے افسران لی زینو ، ژونگ لین ، سی پیک کے ہیڈ ماسٹر چنگ لو ، چائنیز مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے ہیڈ محمد یحیی ودیگر طلبہ ، انجمن فیض الاسلام کی بزم فیض الاسلام کے چئیرمین پروفیسر نیاز عرفان ، ممبر جنرل کونسل کرنل (ر) پرویز اختر ، منتظم معاملات بشارت حسین اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ لی یون لنگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی حکومتوں اور عوام کے درمیان محبت محتاج بیان نہیں اور ہماری دوستی مختلف شعبوںمیں باہمی تعاون کی بدولت ہر گزرتے دن کے ساتھ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہی ہے ۔ انہوں نے یتیم بچوں کی بہترین پرورش اور تعلیم و تربیت کے انتظامات کرنے پر انجمن فیض الاسلام کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا ،محمد یحیی نے کہا کہ پاکستانی اور چین کے عوام کے درمیان محبت کا رشتہ بہت مضبوط ہے، پاکستان نے جو کچھ دیا ہم کوشش کرتے ہیں کہ اس کا کچھ نہ کچھ حق ادا کریں ،انجمن کی جانب سے پروفیسر نیاز عرفان نے چینی طلبہ اور ایمبیسی کے ارکان کا شکریہ ادا کیا ۔