پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام پر غور کیلئے قائمہ کمیٹی کا اجلاس 10 جون کو طلب
اسلام آباد(صباح نیوز)پنجاب میں دو نئے صوبوں (جنوبی پنجاب اور بہاولپور)کے قیام کے بل پر غورکے لیے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون وانصاف کا اجلاس دس جون کو طلب کرلیا گیاہے۔ قائمہ کمیٹی جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کے قیام کے بل کا جائزہ لے گی۔ پنجاب میں 2 نئے صوبوں کے قیام کا بل مسلم لیگ ن کے رانا ثنا اللہ نے جمع کرایا تھا۔قائمہ کمیٹی بل کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔ مسلم لیگ ن کی طرف سے جمع کرائے گئے بل میں آئین کی آٹھ شقوں میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔بل میں قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کی 38 اور بہاولپور کے لیے 18 نشستیں تجویز کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔اسی طرح صوبہ بہاولپورکی صوبائی اسمبلی کیلئے 39 اور جنوبی پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے لیے 80 نشستیں تجویز کی گئی ہیں۔یاد رہے رواں ماہ 13مئی کو جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لئے آئینی ترمیمی بل کی تحریک قومی اسمبلی میں منظور کرلی گئی تھی۔