حکومت آئندہ ماہ پٹرولیم مصنوعات سستی کرے:اشرف بھٹی
لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ آئندہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںکمی کرئے کیونکہ عالمی منڈی میں ایک بیرل خام تیل کی قیمت 2.90ڈالر کی کمی سے 67.92ڈالر پر پہنچ گئی ہے جس کا فائدہ عوام کو ملنا چاہئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے ،قوت خرید ختم ہونے سے تجارتی مراکز میں شدید مندی کا رجحان ہے جس سے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے جس کی وجہ سے عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی نا ممکن ہو گیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے اور آئندہ ماہ کیلئے بھی قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات ہیں حالانکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میںکمی کا رجحان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید ختم ہونے سے گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال عید الفطر کیلئے خریداری کے رجحان میں 50فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے جس سے تاجر طبقہ شدید پریشانی سے دوچار ہے اور اس کیلئے اخراجات پورے کرنے مشکل ہو گیا ہے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم کی قیمتوں کے حوالے سے واضح طور پر کمی کا اعلان کرے تاکہ عوام میں پائی جانے والی تشویش اور بے چینی کا خاتمہ ہو سکے ۔ عوام کے صبر کا پیمانہ پہلے ہی لبریز ہو گیا ہے اگر حکومت نے اضافہ کیا تو ان کے اندر پکنے والا لاوا کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے ۔