پنجاب حکومت عوامی فلاحی منصوبوں کیلئے سرگرم ہے:اجمل چیمہ
لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب محمد اجمل چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کی فلاح و بہبود کے کاموں میں سرگرم عمل ہے اور ہماری خوش قسمتی ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب بذات خود محکمہ سوشل ویلفیئر میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ وہ گزشتہ روزبے سہارابچوں کے ادارے کاشانہ لاہور کے دورہ کے موقع پر گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پرچیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ صوبائی وزیر نے اپنے دورہ کے موقع پر کاشانہ کے رہائشی بچوں کے لئے بنائے جانے والے نماز ہال کا بھی افتتاح کیا۔اس موقع پرصوبائی وزیر نے کاشانہ کے رہائشیوں سے ملاقات کی اور ان سے تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول سنی اور تمام بچوں میں عید کی مناسبت سے تحائف بھی تقسیم کئے۔ انہوںنے کاشانہ کے رہائشیوں سے یقین دہانی کروائی کہ وہ ان کے ساتھ ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیںاور کاشانہ کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنا کام پوری ایمانداری اور ذمہ داری سے کریں کیونکہ اس کام میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ دورے کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال افشاں کرن امتیاز، ڈائریکٹر لاہور ڈویژن فیض نعیم وڑائچ اور محکمہ کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔