ملک میں عام انتخابات 25جولائی 2018کو ہوں گے ،آئندہ ہفتے قومی و صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہوجائیں گی اور جون کے پہلے ہفتے میں نگران سیٹ اپ قائم ہوجائے گا۔قومی وصوبائی اسمبلیاں کے انتخابات ایک ہی دن ہوں گے ۔عدلیہ سے انتخابی افسران کی تقرری کردی گئی ہے ۔جون کے پہلے ہفتے میں شیڈول کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔ 31مئی کو انتخابی ضابطہ اخلاق پر مشاورت کیلئے پارلیمانی جماعتوں کو مشاورتی اجلاس بھی الیکشن کمیشن میں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق صدر ممنون حسین نے عام انتخابات کی تاریخ کے بارے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سمری کی منظوری دے دی ہے ۔ سمری میں 25-26-27جولائی کو عام انتخابات کروانے کی صدر کو تجاویز دی گئی تھی صدر نے 25جولائی کو عام انتخابات کی تاریخ کی منظوری دے دی ہے ۔ عام انتخابات کی تیاریاں کمیشن کی طرف سے تیز کردی گئی ہیں آئندہ ہفتے جمعرات کو قومی وصوبائی اسمبلیاں اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرتے ہوئے تحلیل ہوجائیں گے ۔جون کے پہلے ہفتے میں شیڈول کا اعلان کردیا جائے گااور کاغذات نامزدگی کی وصولی وجمع کروانے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ سیاسی جماعتوں نے انتخابی منشور کی تیاری کاکام تیز کردیا جبکہ اپوزیشن کی بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے سبقت لیتے ہوئے سب سے پہلے انتخابی منشور کا اعلان کیا ہے ۔ انتخابی ضابطہ اخلاق پر مشاورت کیلئے 31مئی کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضاخان کی صدارت میں حکومت اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس بھی ہوگاجبکہ صوبوں میں نگران وزراء اعلی کی نامزدگی پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ۔ خیبرپختونخوا میں اتفاق رائے ہوگیا ہے ۔ آئندہ ہفتے نگران وزیراعظم و وزراء اعلی کے ناموں کا اعلان متوقع ہے ۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024