اساتذہ کی چھٹیاں الیکشن کمیشن کے این او سی سے مشروط کر دی گئیں
راولپنڈی (محمدرضوان ملک / نیوزرپورٹر)ضلعی نظامت تعلیمات نے اساتذہ کی چھٹیاں الیکشن کمیشن کے این او سی سے مشروط کر دیں۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی کے ضلعی تعلیمی افسران (ایس ای، ایم ای ای اور ڈبلیو ای ای کو ہدات کی گئی ہے کہ وہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران کسی بھی استاد کو حج ، عمرہ ، زیارات وغیرہ کے لئے ایکس پاکستان لیو نہ دیں جبکہ تک کہ وہ چھٹی کے لئے دی جانے والی اپنی درخواست کے ساتھ ا لیکشن کمیشن کی جانب این او سی نہ لگا دیں۔ یہ فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے آنے والے انتخابات میں اساتذہ کی انتخابات کے حوالے سے ڈیوٹیوں کے مدنظر کیا گیا ہے تاکہ عام انتخابات 2018 ء کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ اس نوٹیفکیشن کے بعد اسی استاد کو ایکس پاکستان لیو ملے گی جو اپنی درخواست کے ساتھ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے این او سی لے کر آئیں گے۔