اے سی سی اے آئندہ سالوں میں ایک لاکھ ایس اے پی پروفیشنلز تیار کریگی
اسلام آباد (نا مہ نگار) ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکائونٹنٹس (اے سی سی اے) اور پاکستان میں ایس اے پی کی واحد پلاٹینیم پارٹنر ایکسیلنس ڈیلیورڈ نے پاکستان میں آئندہ سالوں میں ایک لاکھ ایس اے پی پروفیشنلز تیار کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں بورڈ آف .انوسٹمنٹ کے دفتر میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں سرمایہ کاری بورڈ اور ایس اے پی کی علاقائی مینجمنٹ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اے سی سی اے اور ایکسیلنس ڈیلیورڈ نے اشتراک کار سے ایس اے پی پروفیشنلز کو تربیت دینے کا یہ پروگرام شروع کیا ہے اور اس کا ہدف یہ ہے کہ پاکستان خدمات کی برآمد کے مواقع سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکے۔ دونوں ادارے اس امر پر یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان سے برآمدی، پیشہ ورانہ و تکنیکی مہارتوں کی خدمات اور اس کے اقتصادی اثرات کے ذریعے صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نعیم زمیندار نے اس موقع پر کہا کہ جس انداز میں دونوں اداروں اور بی پی او نے مل کر اشتراک کار کا آغاز کیا ہے، اس کے بہترین نتائج نکلیں گے۔ ایکسیلنس ڈیلیورڈ کے سی ای او سجاد سید نے کہا کہ یہ اقدام فری لانس کاروباروں، آف شور آئوٹ سورسنگ اور ایس اے پی ٹیلنٹ کی دیگر ممالک کو برآمد میں اضافہ کرے گا جس کے نتیجہ میں نوجوانوں کیلئے ملازمت کے بے تحاشا مواقع پیدا ہوں گے۔ ایس اے پی MENA کے ہیڈ آف ایجوکیشن گیووانی پیزوتو نے کہا کہ ایس اے پی ابھرتے ہوئے پاکستان کا ایک لازمی جزو بننے پر فخر محسوس کرتا ہے۔ اے سی سی اے پاکستان کے سربراہ سجید اسلم نے اس موقع پر اے سی سی اے کے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کاروبار کی دنیا کی ضروریات اور تقاضوں سے ہم آہنگ ٹیلنٹ کی فراہمی اور اس کی تربیت، ٹیکنالوجی کے پھیلائو کے ذریعے عوام کو فائدہ پہنچائے گی۔