ڈاکٹر آئن ولس اور پروفیسر عارف خواجہ کی ڈاکٹر ارشد ودیگر افسران سے ملاقات
اسلام آباد (نا مہ نگار) ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ (ای ڈی ڈی) آن انٹرنیشنلائزیشن ریسرچ ، یونیورسٹی آف لیورپول کے ڈاکٹر آئن ولس اور پروگرام ڈائریکٹر انٹرنیشنل سنٹر آف ہیومن ڈویلپمنٹ (جی آئی ایچ ڈی) پروفیسر عارف خواجہ نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر ارشد علی اور کمیشن کے دیگر افسران سے کمیشن سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں اعلی تعلیمی اداروں میں ٹیچنگ کی کوالٹی میں بہتری کے لیے فریم ورک تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا ۔ اس ملاقات میں اس بات پر غور کیا گیا کہ نئی تعلیمی ٹیکنالوجیز اور فریم ورکس کے تحت نیشنل پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے اعلی تعلیمی اداروں کے معیار میں بہتری لائی جائے ۔ مستقبل کے پروگراموں میں اعلی تعلیمی اداروں میں ٹیچنگ کے لیے سرٹیفکیشن اور ایجوکیشنل ٹیکنالوجسٹس کی تربیت کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے ۔ ملاقات کے شرکاء نے کہا کہ ایجوکیشنل ٹیکنالوجسٹس کو آئی سی ٹی اسپیشلسٹس اور ٹیچنگ اسٹاف کے مابین خلا کو پر کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور ان کو بنیادی تعلیمی تھیوری اورتکنیکی عوامل کے بارے میں معلومات ہونی چاہیے ۔ ملاقات کے شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اساتذہ کو ڈیجیٹل ٹولز کے بارے میں معلومات ہونی چاہئے تاکہ وہ اپنے تدریسی صلاحیتوں میں بہتری کے ساتھ اپنا کام کر سکیں ۔