ٹرمپ کی پالیسیوں سے امریکہ دنیا بھر میں تنہا اور بدنام ہوچکا: لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ دنیا بھر میں فرقہ واریت ، دہشتگردی ، انتہا پسندی اور عدم برداشت پھیلانے والا امریکہ اب خود اس آگ میں جھلس رہاہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیاں امریکہ کو دنیا بھر میں تنہا اور بدنام کر رہی ہیں ۔امریکہ میں سبیکا شیخ کا قتل مغربی معاشرے کے چہرے پر بدنما داغ ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے ٹیکساس سکول میں قتل ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے خاندان کے افراد کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان کی ہونہار بیٹی کے قتل پر پوری قوم رنجیدہ و غمزدہ ہے اورپوری قوم کو صدمہ ہواہے ۔ نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ راہبر راہزن بن جائیں تو عوام اپنے گھروں میں چین کی نیند نہیں سو سکتے ۔ امت مسلمہ کی بدحالی اور بے قدری کے اصل ذمہ دار وہ حکمران ہیں جو عوام کی مرضی کے خلاف اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہیں ۔ محمد بن قاسم نے ایک بہن کی پکار پر سمندر کا سینہ چیر کر راجہ داہر کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا تھا۔