سیف سٹی اراضی کیس کی سماعت 21جون تک ملتوی
راولپنڈی( اے پی پی ) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے سیف سٹی اراضی کیس کی سماعت 21جون تک ملتوی کر دی ۔سیف سٹی اراضی کیس کی سماعت جمعہ کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص روئوف نے کی ۔ سماعت کے موقع پر پنجاب پولیس کے وکیل کی مہلت طلبی پر فاضل عدالت نے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی تاھم عدالت نے قرار دیا کہ آئندہ تاریخ پیشی پر سیف سٹی کی بابت راولپنڈی پولیس کا موقف واضح کیا جائے ۔سیف سٹی اراضی کیس کے مدعی مجاہد علی کے وکیل خرم مسعود کیانی ایڈووکیٹ نے اے پی پی کو بتایاکہ ان کے مدعی نے رٹ میں موقف اختیار کیاہے کہ سی پی او آفس راولپنڈی کے ساتھ اسکی 20 کنال اراضی پر پولیس کا قبضہ ہے لیکن وہ سائل کو معاوضہ نہیں دے رہی نہ ہی میری جگہ مجھے واپس دے رہی ہے۔مدعی مقدمہ نے بتایاکہ یہ اراضی1993 ء میں عدالت کے حکم پر سائل کی دادی فاطمہ کے نام انتقال ہوئی تھی جس کے بعد نشاندہی کی کوشش کی گئی تاھم وہ نہ ہوئی 2004 ء میں پولیس یہ جگہ ایکوائرکرنے کیلئے عدالت میں گئی لیکن نہ پولیس نے زمین ایکوائر کی نہ ہی جگہ واپس کی ۔اس جگہ پر اب راولپنڈی سیف سٹی پراجیکٹ کی عمارت تعمیر ہو رہی ہے۔